منگل 10 فروری 2026 - 16:45
انقلابِ اسلامی ایران؛ حقیقی اسلام کے لیے حیاتِ نو: تنظیم المکاتب کشمیر

حوزہ/گزشتہ صدی کےدوران رونما ہونے والے عالمی انقلابات میں اسلامی انقلاب کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے اس انقلاب نے نہ صرف سیاسی، بلکہ معنوی و مذہبی دنیا پر بھی گہرے اثرات مرتب کئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارے تنظیم المکاتب کشمیر کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ صدی کےدوران رونما ہونے والے عالمی انقلابات میں اسلامی انقلاب کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے اس انقلاب نے نہ صرف سیاسی، بلکہ معنوی و مذہبی دنیا پر بھی گہرے اثرات مرتب کئے۔ جس مذہب کے بارے میں یہ بات فاسد پروپگنڈے کے ذریعے چار دانگ عالم مشہور کی گئی تھی کہ یہ فقط چند ایک عبادات وریاضات کا مجموعہ ہے وہی مذہب نہ صرف ایک بہترین ملکی نظام کے ساتھ سامنے آگیا، بلکہ جہاں بانی کے اعتبار سے بھی تمام تر باطل نظاموں کو کانٹے کی ٹکر دینے لگا۔ جس ورلڈ آڈر کے خاکے کونظریاتی سطح پروجود بخشنے اور اس خاکے میں عملی سطح پر رنگ بھرنے کے لئے عالمِ طاغوت کو قریباً ایک صدی کا عرصہ لگا تھا اس پر اسلامی انقلاب نے دفعتاً پانی پھیر دیا جس سےسامراجی نظام کے کارندوں کی نیندیں کافور ہو گئیں ۔اس لئے انہوں نےاپنےمخالف جہاں گیری اور جہاں بانی کے تمام گزشتہ نظریات کی دشمنی کو بھلا دیااور وہ ہاتھ دھو کر نظامِ اسلامی ایران کے پیچھے پڑھ گئے۔

انہوں نے اپنے تمام شیطانی ہتھکنڈے آزمائے اور اپنی پوری توانائی اس مقصد کو حاصل کرنے پر لگا دیا، لیکن انہیں گزشتہ نصف صدی سے مسلسل منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔ اس لحاظ سے عالمی منظر نامے پر ایران کا اسلامی نظام اور انقلابِ اسلامی کی کامیابی کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ کیونکہ پوری دنیا اس کو مٹانے کے لئے اپنے عسکری ، سفارتی، اقتصادی ، سیاسی ، نفسیاتی ، ٹیکنالوجی اور سراغ رسانی کے تمام تر تیر آزما چکی ہے، لیکن ان میں سے ایک بھی تیر بہ ہدف ثابت نہیں ہو سکا۔

امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر نےسچ کہا تھا کہ ’’ لگتا ہے کہ خدا بھی خمینی کے ساتھ ہے‘‘ جی ہاں!اس بات میں کوئی شک و تردد نہیں ہے کہ جو بندہ خالص نیت کے ساتھ خدا کے خالص دین کے غلبے پر کمر کس لے اور اس سلسلے میں قربانی کے کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہویقیناً خدا کی پشت پناہی اسے ہر محاذ اورہر مرحلے پر کام آتی ہے۔ ایک غیبی امداد اس کے ارادے کو ایسا استحکام عطا کرتی ہے کہ پوری دنیا کے زور آور اس میں معمولی سی بھی دراڑ پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے ہیں۔ اور یہی الٰہی امداد اس کے بازووں میں ناقابلِ شکست قوت بخشتی ہے۔ جس کی زندہ مثال گزشتہ سال سے مشرق وسطیٰ میں دیکھنے کو مل رہی ہے ۔اور ہنوز یہ معجز نمائی جاری ہے۔

لھٰذا بلا خوفِ تردید یہ کہا جاسکتا ہے۔ کہ اسلام کا روشن اور تابناک پہلو جو صدیوں سے مصلحتوں اور سازشوں کے کالے بادلوں کے پیچھے چھپایا گیا تھا اسے دنیا کی سیاسی اور مذہبی افق پر پھر سے ابھارنے کے لئے بانیٔ انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی ؒ نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیا اوراس کے تحفظ کے لئے رہبر انقلاب حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ السید علی الحسینی خامنٰہ ی مدظلہ العالی کی قیادت میں شمع انقلاب کے پروانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اس وقت رہبر انقلاب مدظلہ العالی زندہ شہیدکی حیثیت سے طاغوتی طاقت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ اور جب تک خونِ شہدا اسلام کی رگوں میں رواں دواں ہے اسلام ایک حرارت بخش دین بن کر نہ صرف حق پرستوں کی قوت و طاقت بن جائے گا، بلکہ مظلومانِ جہاں کی بہترین پناہ گاہ ثابت ہوگا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha